بک شیلف …… یادیں
یادیں کسی بھی انسان کی انمول اثاثہ ہوتی ہیں۔ اگر ان یادوں کو کوئی نامور شاعر‘ ادیب‘ دانشور اور کالم نگار جیسا شخص اپنے قلم کے ذریعے کتابی شکل میں محفوظ کرلے تو یہ اس شخص کا انفرادی نہیں بلکہ قومی اثاثہ بن جاتا ہے۔ تنویر ظہور کا شمار ایسی ہی اہم شخصیات میں ہوتا ہے۔ نوائے وقت کے معروف کالم نگار تنویر ظہور کسی تعارف کے محتاج نہیں۔’’یادیں‘‘ کے عنوان سے ہفتہ وار انکے دلچسپ کالم نوائے وقت میں شائع ہوتے رہتے ہیں جنہیں قارئین میں بڑی مقبولیت حاصل ہے۔ زیر نظر کتاب ’’یادیں‘‘انکے ایسے ہی کالموں کا انتخاب ہے جوقاری کو اپنے ماضی سے متعارف ہونے اور اس سے سبق سیکھنے کا شاندار موقع فراہم کرتی ہے۔ انکی متعدد تصانیف مارکیٹ میں دستیاب ہیں۔ انکے کالموں کا اسلوب منفرد اور عام فہم ہے ‘ یہی وجہ ہے کہ انکی تحریروں میں سادگی جھلکتی ہے جو قاری کے دل میں اترتی چلی جاتی ہے۔ ویسے تو ان کا ہر کالم اپنی مثال آپ ہے‘ لیکن ’’ امن ‘ عدل اور احسان‘ توہم پرستی اور جہالت‘ اندھے کی لکڑی اور حکمران‘ حکمرانوں اور ڈاکوئوں کا موازنہ‘‘ جیسے کئی کالموں نے اس کتاب میں چار چاند لگا دیئے ہیں۔ امید ہے یہ کتاب ہر پڑھنے والے کیلئے ایک بہترین تحفہ ہوگی اور ادبی اور فکری حلقوں میں اچھی پذیرائی حاصل کریگی۔ 200 صفحات پر مشتمل دیدہ زیب ٹائٹل کے ساتھ اس کتاب کو کلاسک 42۔ دی مال ریگل چوک نے شائع کیا ہے جس کی قیمت 400/- روپے ہے۔ فون: 92-42 37323963۔ (تبصرہ: سلیم اختر)