پی آئی اے کا حج آپریشن شروع ہوگیا ہے۔ اسلام آباد سے پہلی حج پرواز پانچ سو تین عازمین کو لیکر جدہ روانہ ہوگئی۔
اسلام آباد کے بے نظیر انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے پہلی پرواز کے ذریعے پانچ سو تین عازمین حجاز مقدس روانہ ہوئے۔وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ ،سید نوید قمر اور سعودی قونصلر نےپروازکو رخصت کیا۔اس موقع پرخطاب کرتے ہوئےقمر زمان کائرہ اور سید نوید قمر نے کہا کہ ماضی سے سبق سیکھ کراس بار حاجیوں کے لیے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بار ایک لاکھ اسی ہزار عازمین فریضہ حج ادا کریں گے جبکہ حج پروازوں کے شیڈول کو برقرار رکھنے کے لیے ایک بوئنگ طیارہ ہر وقت تیار رکھا جائے گا۔
عازمین حج کا کہنا تھا اللہ رب العزت نے انہیں فریضہ حج ادا کرنے کی توقیق عطا کی ہے اور وہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا ئیں کریں گے ۔
سیکرٹری وزارت مذہبی امور چوہدری اعظم نے بتایا کہ دو سو تراسی فلائٹس کے ذریعے عازمین حج کو حجاز مقدس بھجوایا جائے گا جبکہ سعودی قونصلر کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت نے بھی پاکستان کے عازمین حج کے لیے وسیع انتظامات کیے ہیں۔