پشاورکےعلاقے کوہاٹ روڈ پر اسکیم چوک کے قریب بم دھماکے میں آٹھ افراد جاں بحق اور تئیس زخمی ہوگئے۔
اسکیم چوک کے قریب بڈھ بیر میں بم دھماکے سے آٹھ افراد جاں بحق ہوئے جبکہ پاک فضائیہ کی منی وین کو بھی شدید نقصان پہنچا، فضائیہ کے تین سول ملازمین سمیت تئیس افراد زخمی ہوئے، پاک فضائیہ کے اہلکاروں کو سی ایم ایچ اور دیگر کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، بعض کی حالت تشویشناک ہے۔ دھماکے میں اردگرد کی عمارتوں اور گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا جبکہ پاک فضائیہ کی وین اور ایک مسافرکوچ مکمل تباہ ہوگئی۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔