ملک بھرمیں گستاخانہ فلم کیخلاف مظاہروں میں شدت آگئی، توہین آمیز فلم کیخلاف احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔
اسلام آباد، لاہور، ملتان اورگوجرانوالہ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں توہین آمیز فلم کیخلاف احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔ اسلام آباد میں وکلاء کی بڑی تعداد نے ہائیکورٹ سے امریکی سفارتخانے کی جانب پیدل مارچ کیا۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھ میں امریکی پرچم اٹھا رکھا تھا جسے جوتوں کے ساتھ باندھا گیا۔ وکلاء نے امریکہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی اورسپر پاور سے تمام تعلقات ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ احتجاج کے موقع پروفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کرتے ہوئے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔ دوسری جانب لاہورمیں بھی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے، لاہورمیں نجی کالج کی طالبات بھی گستاخانہ فلم کیخلاف سراپا احتجاج ہیں، انتظامیہ نے مظاہروں کے باعث امریکی قونصل خانے کی سکیورٹی بڑھا دی ہے۔ پندرہ سو ہیڈکانسٹیبلز، ستائیس ایس۔ایچ۔اوز، پندرہ ڈی۔ایس۔پیز، ایک سو دس اے۔ایس۔پیز اور چار ہزار اہلکاروں کوتعینات کیا گیا ہے۔ قونصل خانے کوجانے والے تمام راستے بھی کنٹینرلگا کرسیل کردیئے گئے ہیں۔ ادھرملتان میں بھی تاجر برادری اور ڈسٹرکٹ بار کے ملازمین توہین آمیز فلم کیخلاف احتجاج کررہے ہیں۔