ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بینرجی کی حکومتی اتحاد سے علیحدگی
نئی دہلی (بی بی سی) بھارتی حکومت میں شامل ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بینرجی نے متحدہ ترقی پسند محاذ (یو پی اے) کی حمایت ترک کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ممتا بینرجی نے ریٹیل بازار میں بیرونی سرمایہ کاری کے فیصلے اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد مرکزی حکومت کو یہ فیصلہ واپس لینے کیلئے بہتر گھنٹے کا الٹی میٹم دیا تھا۔ دو گھنٹے سے بھی زیادہ جاری رہنے والے ترنمول کانگریس کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کے بعد ممتا بینرجی نے کہا ”اس حکومت نے ایک کے بعد ایک عوام مخالف فیصلے کئے ہیں اس لئے ہم حکومت سے اپنی حمایت واپس لے رہے ہیں اور جمعہ کو دوپہر تین بجے ترنمول کانگریس کے وزیر دہلی میں وزیراعظم منموہن سنگھ کو اپنے استعفے پیش کریں گے“