پاکستان اسٹیل بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 362 واں اجلاس
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹیل بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 362 واں اجلاس آپریشنز بلڈنگ میں منعقد ہوا جس میں پاکستان اسٹیل کے بزنس پلان، مارکیٹنگ اور توسیعی منصوبے کے نکات کو زیر بحث لایا گیا۔ پاکستان اسٹیل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میجر جنرل (ر) محمد جاوید (ہلال امتیاز ملٹری) نے پاکستان اسٹیل کے مارکیٹنگ پلان پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسٹیل اپنی مصنوعات کی تیزی سے فروخت پر توجہ دیتے ہوئے مارکیٹنگ کی نئی راہیں استوار کر رہا ہے اور مارکیٹ کی ڈیمانڈ کے مطابق پالیسی بنا رہا ہے جس کے بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔ اجلاس میں پاکستان اسٹیل کے توسیعی منصوبے کی بریفنگ دیتے ہوئے پاکستان اسٹیل کے قائم مقام پرنسپل ایگزیکٹو آفیسر (بی ایم آر اینڈ ای) پرویز اقبال نے کہا کہ توسیعی منصوبے پر عمل درآمد پاکستان کے لئے ترقی کی نئی راہیں کھولے گا۔ بورڈ نے پاکستان اسٹیل کے بزنس پلان کی کار کردگی کا جائزہ لیتے ہوئے مستقبل کے اہداف کے حصول کے لئے اس پر موثر انداز سے عمل درآمد پر زور دیا۔ بورڈ نے پاکستان اسٹیل کی توسیع کے حوالے سے کی گئی کاوشوں کو سراہا۔