بند روڈ آتشزدگی کی ذمہ دار پنجاب حکومت ہے:گورنر کی صدر کو رپورٹ
لا ہو ر(آن لائن) گورنر پنجاب سردارلطیف کھوسہ نے لاہورمیں بند روڑ آتشزدگی کے واقعہ کی رپورٹ صدر آصف علی زرداری کو بھجوادی۔ فیکٹری لیبر ڈیپارٹمنٹ ،پنجاب سوشل سکےورٹی ڈیپارٹمنٹ اورحکومت پنجاب سمیت کسی کے پاس بھی رجسٹرڈ نہ تھی تا ہم ضلعی حکومت اورداتا گنج بخش ٹاو¿ن نے واقعہ کے بارے میں گورنر کو معلومات مانگنے پر رپورٹ دینے سے انکار کردیا۔ تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ کی طرف سے صدر کو بھجوائی جانے والی رپورٹ میں بالواسطہ واقعہ کی ذمہ داری مسلم لیگ ن کی سیاسی قیادت اور اس کے اداروں پر عائد کی گئی۔ رپورٹ میں کہاگیا کہ فیکٹری کی جگہ انڈسٹری کے لیے موزوں نہیں اور یہ نیگٹو لسٹ میں شامل تھی۔ انڈسٹریل ڈیپارٹمنٹ نے اس ضمن میں اپنے اختیارات اورذمہ داری ادا نہیں کی۔ جگہ کی منظوری ، عمارت کا نقشہ سمیت ضروری اقدامات کی ضلعی حکومت اورمتعلقہ ٹاو¿ن سے منظوری نہیں لی گئی۔ فیکٹری آتشزدگی کے واقعہ میں لیسکو کی کسی قسم کی غفلت یا خلاف ورزی سامنے نہ آئی جبکہ یہ بھی اعتر اف کیا گیا کہ گورنر کی طرف سے واقعہ کے بارے میں معلومات کے حصول کے لیے ضلعی حکومت اور متعلقہ ٹاو¿ن سے کئی بار رابطہ کیا گیا مگر گورنر کو کسی قسم کی رپورٹ نہیں بھجوائی گئی۔ گورنر کی رپورٹ میں آگ کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی گئی۔تنگ راستہ اور جنریٹر کے داخلی راستے پر تنصیب بھی ہلاکتوں کی تعداد بڑھانے اور امدادی سرگرمیوں کو متاثر کرنے کا باعث بنی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ پنجاب حکومت نے اس علاقے میں عمارتوں کی تعمیر پر طویل عرصے سے پابندی عائد کررکھی تھی مگر مقامی سیاسی قیادت کی حمایت اور حکومت پنجاب کے اداروں کی سرپرستی کے باعث یہاں پر غیر قانونی تعمیر ہوئی۔