خطے میں استحکام چین کے باعث ہے، ساتھ چلیں گے: زرداری
اسلام آباد (این این آئی) صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے عوام مشکل ادوار میں ہمیشہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہوئے ہیں، پاکستان اور چین نئی نسل کے خوشحال مستقبل کیلئے مل کر کام کرنے کا عزم رکھتے ہیں امن اور ہم آہنگی کے فروغ کیلئے چین کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ وہ چینی سفارتخانے میں عوامی جمہوریہ چین کے 63 ویں یوم تاسیس کے حوالے سے تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ، وفاقی وزرائ، ارکان پارلیمان، ممتاز سیاسی شخصیات، سفارتکاروں اور سینئر سول و فوجی حکام نے شرکت کی۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ہماری دوستی کی جڑیں تاریخ اور مشترکہ ثقافتی ورثے میں ہیں، یہ ہمارے عظیم رہنماﺅں شہید ذوالفقار علی بھٹو، چیئرمین ماﺅزے تنگ اور وزیراعظم چو این لائی کی بصیرت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان عظیم رہنماﺅں نے ہمارے عشروں پرانے تعلقات کی بنیاد رکھی جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مضبوط تر ہو رہے ہیں۔ صدر نے کہا کہ پاک چین دوستی آزمائش کی ہر گھڑی میں پوری اتری ہے۔ پاک چین دوستی کے درمیان گہرے اور منفرد روابط کی مثال نہیں ملتی۔ صدر نے کہاکہ چین خطے میں استحکام کا ذریعہ ہے۔