مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں مزید چھ کشمیری شہید ہوگئے۔ بھارتی مظالم کی تازہ لہر میں شہید ہونے والوں کی تعداد ایک سو سولہ ہوگئی ہے۔
مقبوضہ وادی میں کشمیری بھارت کے غاصبانہ تسلط کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ قابض انتظامیہ کی جانب سے سخت کرفیو اور ناکہ بندی کے باوجود سری نگر، شوپیاں، پلوامہ، بڈگام اور پونچھ سمیت مختلف علاقوں میں لوگ بڑی تعداد میں احتجاجی مظاہرے کررہے ہیں۔ ادھر بھارتی فوج کی جانب سے مظاہرین پر فائرنگ اور پرتشدد کارروائیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ تازہ کارروائی میں بھارتی فوج نے بندی پور کے علاقے پانار میں سرچ آپریشن کے دوران دو نہتے کشمیریوں کو شہید کردیا۔ اس کے علاوہ مقبوضہ وادی کے مختلف علاقوں میں فورسز کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے چار افراد بھی دم توڑ گئے۔ دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں آج ایک بار پھر کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔ اہم شاہراہوں پر بڑی تعداد میں بھارتی اہلکار تعینات ہیں، جس کی وجہ سے کاروباری مراکزبند اورسڑکیں سنسان ہیں۔ اشیائے خوردونوش اور ادویات کی شدید قلت کی وجہ سے عوام شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ ادھر بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ کی ہدایت پر پینتیس رکنی کل جماعتی وفد کل مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرےگا۔ اس موقع پر وفد کے ارکان وادی کی بگڑتی ہوئی صورت حال کا جائزہ لینے سمیت حریت رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔