پاک فضائیہ خطے میں پاکستان کی سالمیت اور وقار کے دفاع کیلئے مکمل تیار ہے: سربراہ پاک فضائیہ
پاکستان ائیر فورس اکیڈمی اصغرخان میں گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ پاک فضائیہ ایوی ایشن انڈسٹری میں خود انحصاری کی جانب گامزن ہے اور پاکستان کی سالمیت اور وقار کے دفاع کے لئے مکمل تیار ہے۔گریجویٹ ہونے والے کیڈٹس سے اپنے خطاب میں سربراہ پاک فضائیہ نے کہا کہ یاد رکھئے آج پاک فضائیہ میں بطور افسران آپ کے سفر کا آغاز ہوا ہے۔
اب آپ کو انتھک محنت کے ساتھ اپنے آپ کو جدید ٹیکنالوجی، نئے کنسپٹس اور عصر حاضر کے تقاضوں کے عین مطابق خود کو جنگی حکمت عملی سے روشناس کرنا ہوگا۔ خطے میں قیام امن مسئلہ کشمیر کے حل اور افغانستان میں امن سے منسلک ہے۔ اسلحے کی دوڑ سے خود کو غیر منسلک رکھتے ہوئے پاک فضائیہ اپنی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کر رہی ہے تاکہ وطن عزیز کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت کو روکا جا سکے۔ ٹیکنالوجی بہت تیزی سے میدان جنگ کو تبدیل کر رہی ہے چنانچہ پاک فضائیہ کی مکمل توجہ ماڈرنایزیشن اور افرادی قوت کی جدید تقاضوں کے مطابق تربیت پر ہے۔ نان کانٹیکٹ وارفیئر کا پورا ادراک رکھتے ہوئے پاک فضائیہ اپنے آپ کو سمارٹ اور کٹنگ ایج صلاحیتوں سے لیس کر رہی ہے جن میں پرسیزن اور اسٹینڈ آف ویپنز، ڈرون، الیکٹرانک وارفیئر اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس شامل ہیں۔ الحمدللہ ان تمام شعبوں میں پاک فضائیہ نے خود انحصاری حاصل کر لی ہے۔ آپ کو اپنے پیشروؤں کے نقش قدم پر چلنا ہے جنہوں نے ہر قسم کے کٹھن حالات میں پاک فضائیہ کے پرچم کو ہمیشہ سربلند رکھا۔