سیاست اصولوں پر مبنی ،کبھی سودے بازی نہیں کی :بلوچستان نیشنل پارٹی
کوئٹہ (پی پی آئی) بلوچستان نیشنل پارٹی نے کہا کہ عوام اپنے اجتماعی قومی بنیادی حقوق کے حصول کیلئے متحد و منظم ہو کر استحصالی قوتوں کے ناروا اور ناانصافیوں پر مبنی پالیسیوں کو ناکام بنا کر اپنا سیاسی و قومی کردار ادا کریں بی این پی عوام کو مشکل حالات میں تنہا نہیں چھوڑے گی۔ ان خیالات کا اظہار بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنماؤں موسیٰ بلوچ‘ غلام نبی مری‘ میر جمال لانگو‘ ملک محی الدین لہڑی‘ میر نصیر مینگل‘ اسماعیل کرد‘ ڈاکٹر شبیر قمبرانی‘ عطاء محمد بلوچ‘ ڈاکٹر علی قمبرانی‘ ستار شکاری و دیگر نے تنظیم سازی کنونشن میں کیا۔ کلی کمالو گلی نیچاری میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ بی این پی کی سیاست اصولوں پر مبنی ذہنی و فکری حقیقی ہے پارٹی نے کبھی بھی اصولوں پر سودے بازی نہیں کی اور ہمیشہ عوام کے اجتماعی مسائل کو حل کیا یہی وجہ ہے کہ پارٹی نے مرکز و صوبے میں اقتدار کا حصہ بننے کی بجائے صوبے کے دیرینہ سیاسی سماجی اور معاشی مسائل کو اولیت دی۔