ہولی ، دیوالی پر ہندو ملازمین کے لئے تعطیل اور پیشگی تنخواہ کی درخواست قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ہولی ، دیوالی کے مواقع پر ہندو ملازمین کے لئے تعطیل اور پیشگی تنخواہ کی ادائیگی کی درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ پنڈت اشوک چند کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت جمعہ کو عدالت عالیہ اسلام آباد کے جسٹس عامر فاروق نے کی۔ اس موقع پر درخواست گزار کے وکیل یاسر چوہدری نے عدالت سے استدعا کی کہ سرکاری،نجی شعبے میں ہندو ملازمین کو ان کے تہواروں پر چھٹیاں دی جائیں اور انہیں پیشگی تنخواہوں کی ادائیگی کا حکم دیا جائے۔ جسٹس عامر فاروق نے ان سے استفسار کیا کہ آپ نے بتایا نہیں کہ آپ کا حق کہاں متاثر ہوا۔ اس پر درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ آئین بنیادی حقوق دیتا ہے ہم نے اس حوالے سے درخواست دی تھی۔ اس پر جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے کہ یہ ایگزیکٹو کا کام ہے اور ایگزیکٹو ہی اس کا فیصلہ کرسکتی ہے۔ بعد ازاں فاضل عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔