پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ ناخواندگی ہے:ڈاکٹر حسین محی الدین
لاہور(خصوصی نامہ نگار)منہاج یونیورسٹی کے ڈپٹی چیئرمین ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا ہے کہ اعلیٰ تعلیمی ادارے انتہا پسندی کے خلاف موثر کردار ادا کر سکتے ہیں ،پاکستان کی پڑھی لکھی یوتھ تحصیل علم کیلئے طویل عرصہ تک اعلیٰ تعلیمی اداروں سے وابستہ رہتی ہے۔ یہ وقت نوجوانوں کی علمی ،فکری آبیاری اور کردار سازی کے اعتبار سے انتہائی قیمتی ہوتا ہے اور یہی وہ وقت ہے جسکے مفید استعمال سے ہی ملکوں اور قوموں کی زندگیوں میں سیاسی،سماجی،معاشی حوالوں سے انقلاب برپا ہوتے ہیں۔ انہوں نے بتایامنہاج یونیورسٹی لاہور کے زیر اہتمام 20 اور 21اکتوبر کو’’ مذاہب عالم کی سماجی ذمہ داریاں‘‘ کے عنوان سے دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس منعقد ہو رہی ہے جس میں پاکستان کے علاوہ آسٹریلیا،سری لنکا،نائجیریا اور تھائی لینڈ سے تعلق رکھنے والے سکالرز اور دانشور خطاب کریں گے اور مقالہ جات پیش کرینگے۔