نئی حکومت میں بھی کشمیر کمیٹی کی غیرفعالیت افسوسناک ہے:حامد رضا
لاہور(خصوصی نامہ نگار)سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ نئی حکومت میں بھی کشمیر کمیٹی کی عدم فعالیت افسوسناک ہے۔ حکومت کشمیر کمیٹی کو فعال کر کے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے عالمی سطح پر موثر مہم چلائے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر اقوام متحدہ نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ خطے کا امن مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے۔ دنیا میں انسانی حقوق کی سب سے زیادہ خلاف ورزیاں مقبوضہ کشمیر میں ہو رہی ہیں۔ بھارت نے پوری مقبوضہ وادی کشمیر کو جیل میں بدل دیا ہے۔ آزادی کی جنگ لڑنے والے کشمیری حریت پسند دہشت گرد نہیں فریڈم فائیٹر ہیں۔ بھارت تمام تر ظلم و تشدد کے باوجود تحریک آذادی کشمیر کو ختم کرنے میں ناکام ہو چکا ہے۔ سات لاکھ بھارتی فوج نے مظلوم کشمیریوں کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے۔ عالمی برادری اور انسانی حقوق کے ادارے محکوم کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھائیں۔ حکومت ہر پاکستانی سفارت خانے میں کشمیر ڈیسک قائم کرے۔