حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس شخص نے قرآن مجید کی کسی ایک آیت کو قصداً سنا، اس کے لیے ایک نیکی کو دگنا کرکے لکھا جائے گا اورجس نے اس کو تلاوت کیا وہ قیامت کے دن اس کے لیے نور ہوجائے گی۔(مجمع الزوائد )
حضرت جابر رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : قرآن پڑھنے والا جب قرآن کے حلال کو حلال قرار دے اوراس کے حرام کو حرام قرار دے تو وہ اپنے گھر کے ان دس افراد کے لیے شفاعت کرے گا جن میں سے ہر ایک کے لیے جہنم واجب ہوچکی ہوگی۔(مجمع الزوائد)
حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ جو شخص یہ پسند کرتا ہو کہ اس سے اللہ اوراس کا رسول محبت کرے وہ غور کرے اگر وہ قرآن سے محبت کرتا ہے تو وہ اللہ اوراس کے رسول سے محبت کرتا ہے ۔(طبرانی )
حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ بیان فرماتے ہیں کہ جو شخص علم کا ارادہ کرے وہ قرآن میں غورکر ے کیونکہ اس میں اولین اورآخرین کا علم ہے ۔ (طبرانی )
عثمان بن عبداللہ بن اوس اپنے دادا سے روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: مصحف میں دیکھے بغیر قرآن پڑھنے کا ہزار درجہ اجر ہے ، اورمصحف میں دیکھ کر پڑھنے کا دوہزار درجہ اجر ہے ۔ (مجمع الزوائد)
حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : جس شخص نے اپنے بیٹے کو ناظر ہ قرآن پڑھایا اس کے اگلے اورپچھلے گناہ بخش دئیے جائیں گے اورجس نے اس کو زبانی قرآن پڑھایا تو قیامت کے دن اللہ تعالیٰ اس کو ایسی صورت میں اٹھائے گا جیسے چودھویں رات کا چاند ہوتا ہے اوراس کے بیٹے سے کہا جائے گا : قرآن پڑھو اورجب بھی وہ ایک آیت پڑھے گا اللہ تعالیٰ اس کے باپ کا ایک درجہ بلند کردے گاحتیٰ کہ اس کا بیٹا وہ تمام قرآن پڑھ لے گا جو اس کو یاد ہے۔ (مجمع الزوائد )
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص بھی اپنے بچے کو دنیا میں قرآن کی تعلیم دیتا ہے اس کو قیامت کے دن جنت میں تاج پہنا یا جائے گا، جس کو تمام جنت والے پہچان لیں گے کہ یہ دنیا میں اس کے بیٹے کو قرآن پڑھانے کی وجہ سے پہنایا گیا ہے ۔ (مجمع الزوائد)
حضرت انس رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس گھر میں قرآن پڑھا جائے اس میں بہت خیر ہوتی ہے اورجس گھر میں قرآن نہ پڑھاجائے اس میں کم خیر ہوتی ہے ۔ (بزار)
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024