گاؤں بھاٹہ کا مسئلہ
مکرمی! گاؤں بھاٹہ کے اندر تقریباً 2 کلو میٹر سڑک کا ٹکڑا بہت ہی زیادہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے‘ جگہ جگہ گڑھے‘ بارش اور نالیوں کا پانی کھڑا ہونے سے گاڑیاں ہچکولے کھاتی نظر آتی ہیں اور آدھے راستے میں ہی خراب ہو جاتی ہیں‘ ایکسیڈنٹ بھی معمول بن گئے ہیں۔ روزانہ درجنوں موٹر سائیکل سواروں کا ان گڑھوں میں گر کر زخمی ہونا معمول بن گیا ہے۔ سڑک خراب ہونے سے اہل علاقہ‘ سکول و کالج کے طلباء و طالبات اور مریضوں کو انتہائی دشواری کا شکار ہونا پڑتا ہے۔ بارشیں ہونے سے سفری مشکلات بڑھ جاتی ہیں۔ سڑک پر پانی کھڑا ہونے سے ڈینگی کی افزائش کا بھی خطرہ ہے۔ رہی سہی کسر محکمہ سوئی گیس والوں نے نکال دی۔ سوئی گیس والوں نے سڑک کے ایک طرف کھدائی کر کے گیس پائپ تو ڈال دئیے لیکن سڑک کا سارا ملبہ وہیں چھوڑ کر چلے گئے۔ یہ سڑک گزشتہ دس سال سے اسی حالت میں موجود ہے۔ تحصیل گوجرخان کے سابقہ عوامی نمائندوں نے بھی اس طرف کوئی خصوصی توجہ نہیں دی۔ ہم اہل بھاٹہ وزیراعلیٰ پنجاب‘ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی‘ عوامی نمائندوں اور چیئرمین بلدیہ گوجرخان سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ اس دو کلو میٹر کے ٹکڑے کو ہنگامی بنیادوں پر نئے سرے سے تعمیر کیا جائے تاکہ اہل علاقہ کی مشکلات کم ہو سکیں۔ (فہد سعید جنجوعہ گوجرخان 0345-6468855)