پاک فوج اور پاکستانی جوان
مکرمی! پاک فوج جہاں اپنے پیشہ ورانہ فرائض بخوبی ادا کر رہی ہے وہاں پاکستانی جوانوں سے ایک انس و محبت کا رشتہ بھی قائم کئے ہوئے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ گاہے بگاہے نہایت اہتمام کے ساتھ مختلف پروگراموں میں سپہ سالار اعلیٰ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نوجوانوں سے خصوصی خطاب کرتے اور ان کی صلاحیتوں کو بیدار کرنے اور ملک و قوم کے لئے انہیں خدمت کے لئے تیار کرتے نظر آتے ہیں۔ موجودہ عہد میں پاکستانی سول جوانوں سے جتنا موثر رابطہ پاک فوج رکھتی ہے اتنا اس سے پہلے کبھی نہیں رکھا گیا تھا۔ آئی ایس پی آر نہایت اہم اور ذمہ دار ادارے کی حیثیت سے پاک فوج اور سویلین جوانوں کے درمیان رابطے کا پل بنا ہوا ہے اور نہایت موثر اور فعال انداز میں نوجوانوں کے ساتھ نشستوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے نسل نو کے دلوں میں پاک فوج کا احترام دن بدن بڑھتا جا رہا ہے اور مجھے یقین ہے کہ ضرورت پڑنے پر پاکستان کے نوجوان پاک فوج کے شانہ بشانہ نظر آئیں گے۔ (ارشاد علی اٹک 0300-5607303)