اتحاد ٹائون میں 2 کروڑ روپے کی لاگت سے مرکزی سڑک کی تعمیر مکمل میئر کراچی نے افتتاح کیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ اتحاد ٹائون پرانی آباد ہے مگر یہاں ماضی میں توجہ نہ ہونے کے باعث بے شمار مسائل ہیں ہم اپنے وسائل میں رہتے ہوئے کوشش کریں گے کہ آبادی کی دیگر سڑکوں کو بھی پختہ تعمیر کریں تاہم کراچی شہر میں کچی آبادیوں کے مسائل بہت زیادہ ہیں لہٰذا وزیر اعظم پاکستان اس شہر کے لئے خصوصی ترقیاتی پیکیج کا اعلان کریں، امید ہے کہ وزیراعظم پاکستان کراچی کے مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کی شام بلدیہ ٹائون کے علاقے اتحاد ٹائون کی نو تعمیر شدہ مرکزی سڑک کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ضلع غربی کے چیئرمین اظہار احمد خان، پارلیمانی لیڈر اسلم شاہ آفریدی، ورکس کمیٹی کے چیئرمین حسن نقوی اور یوسی چیئرمین محمد رفیق سمیت منتخب نمائندے اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے دیگر افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ 50 فٹ چوڑی اور پونے دو کلو میٹر طویل اس سڑک کو بلدیہ عظمیٰ کراچی نے دو کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا ہے، انہوں نے کہا کہ 35 سال بعد اس علاقے میں
کوئی سڑک تعمیر کی گئی ہے جس سے یہاں کے مکینوں کو سہولت ملے گی سڑک کی تعمیر سے علاقے کے لوگ بہت خوش ہیں مگر مجھے افسوس ہو رہا ہے کہ کراچی جو سارے پاکستان کو مرکزی ریوینو فراہم کرنے والا شہر ہے وہاں کے شہری کس حالت میں زندگی گزار رہے ہیں، میئر کراچی نے کہا کہ اتحاد ٹائون میں صرف سڑکوں کی تعمیر کا ہی مسئلہ نہیں بلکہ تعلیم، صحت، سیوریج، پانی اور دیگر بنیادی شہری سہولیات کی بھی کمی ہے اگر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے پاس وسائل ہوتے تو ہم یہاں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرتے۔