بھارت کو ایک اور دھچکا، برطانیہ نے بھی پاکستان کیخلاف آن لائن پٹیشن مسترد کردی ، دہشتگردی کیخلاف قربانیوں کا اعتراف

19 اکتوبر 2016 (19:03)

پاکستان کے خلاف عالمی مہم میں بھارت کو ایک اور دھچکا , امریکہ کے بعد برطانیہ نے بھی بھارتی انتہا پسندوں کی پاکستان مخالف پٹیشن مسترد کردی , برطانیہ کا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بیش بہا قربانیوں کا اعتراف ,پاکستان اور برطانیہ کا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مشترکہ مفاد ہے , دونوں ملک انتہا پسندی سے مقابلے کےلئے پرعزم ہیں ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی انتہا پسندوں کی جانب سے پاکستان کے خلاف عالمی مہم کی ایک اور کوشش ناکام ہوگئی ہے اور امریکہ کے بعد برطانیہ نے بھی پاکستان مخالف پٹیشن مسترد کردی ہے ۔برطانوی وزارت خارجہ اور کامن ویلتھ افیئرز نے اس درخواست کو اس نوٹ کے ساتھ مسترد کردیا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی روکنے کے لیے قابل قدر کوششیں کی ہیں۔ پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف قابل قدر قربانیاں اور خدمات ہیں اور برطانیہ اس کا اعتراف کرتا ہے۔برطانوی حکومت کا کہنا تھا برطانیہ اور پاکستان کادہشت گردی کے خلاف جنگ میں مشترکہ مفاد ہے۔ برطانیہ اورپاکستان دہشت گردی کے خطرے اور انتہا پسندی سے مقابلے کے لیے پرعزم ہیں۔ بھارتی انتہاپسندوں نے امریکہ کی طرح برطانیہ میں بھی پاکستان مخالف نفرت آمیز جذبات بھڑکانے کے لیے مہم شروع کر رکھی ہے جس میں پاکستان کے خلاف برطانوی پارلیمنٹ میں بحث کروانا مقصود ہے لیکن جس طرح امریکہ میں آن لائن پٹیشن کو مسترد کردیا گیا اسی طرح برطانیہ میں بھی بھارتی نژاد برطانوی شہریوں کے علاوہ کسی قابل ذکر شخص کے دستخط نہیں ہو سکے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل امریکہ میں بھی بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف آن لائن پٹیشن دائر کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ پاکستان کو دہشت گردوں کی سرپرستی کرنے والی ریاست قرار دیا جائے جس کو امریکہ نے مسترد کردیا تھا۔