ٹرمپ بہانے بازی اور رونا دھو نا بند کریں:باراک اوباما

19 اکتوبر 2016 (12:08)

واشنگٹن:امریکی صدرباراک اوباما نے ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے آئندہ انتخابات میں دھاندلی کی منصوبہ بندی کے بارے میں الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈولنڈ ٹرمپ بہانے بنانا بند کریں۔ اپنے ایک بیا ن میں صدر اوباما نے کہا کہ کسی صدارتی امیدوار کا انتخابات سے پہلے ہی امریکی الیکشن کو متنازع بنانے کی کوشش بہت انوکھی ہے۔انھوں نے کہا کہ کسی صدارتی امیدوار کی جانب سے روسی صدر کی تعریفیں بھی غیر معمولی ہیں۔یاد رہے کہ رپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف متعدد خواتین کی جانب سے جنسی ہراسانی کے الزامات اور اس سے متعلق ایک ویڈیو جس میں وہ اپنے ایسے اقدامات کو فخر سے بیان کر رہے ہیں، سامنے آنے کے بعد سے مشکلات کا سامنا ہے۔الیکشن سے پہلے ہی رائے عامہ کے زیادہ تر پولز میں ان کی مقبولیت میں کمی نظر آ رہی ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ ماہ ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات میں ہلیری کلنٹن کے حق میں دھاندلی کی منصوبہ بندی کر لی گئی ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ کے بارے میں صدر اوباما کا کہنا ہے کہ یہ صدر کے عہدے کے لیے درکار قیادت اور ہمت کی عکاسی نہیں کرتا کہ آپ مقابلے سے پہلے ہی بہانے بنانا شروع کر دیں۔’اگر آپ ہارنے لگیں اور آپ کسی اور پر ذمہ داری ڈالنا شروع کر دیں، تو اس کا مطلب ہے کہ آپ میں وہ خصوصیات نہیں جو کہ اس کام کے لیے درکار ہیں۔‘اس سے قبل صدر براک اوباما نے رپبلکن پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے کہا تھا کہ وہ باضابطہ طور پر ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارتی انتخابی مہم کی حمایت سے پیچھے ہٹ جائے۔ہلیری کلنٹن کی حمایت کے لیے ایک جلسے میں شرکت کرتے ہوئے صدر اوباما کا کہنا تھا کہ اس بات کی کوئی تک نہیں کہ آپ ڈونلڈ ٹرمپ کے (خواتین کے معاملہ میں) نازیبا بیانات کی مخالفت کریں لیکن پھر بھی ان کی صدارت کی حمایت کریں۔