شکست خوردہ عناصر دھرنوں‘ ناکہ بندی کی سیاست سے انتشار پھیلانا چاہتے ہیں: شہباز شریف

19 اکتوبر 2016

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف سے پاکستان میں کینیڈا کے ہائی کمشنر پیرے کالڈرووڈ نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہبازشریف نے کہا پاکستان اور کینیڈا کے مابین بہترین دوستانہ تعلقات موجود ہیں۔ کینیڈا میں بسنے والے لاکھوں پاکستانی ملک کے عظیم سفیر ہیں دونوں ممالک کے مابین تجارتی ومعاشی تعلقات کو فروغ دینے کے ساتھ تعلیم، صحت، توانائی خصوصاً پن بجلی کے منصوبوںکو فروغ دینے کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے اور اس ضمن میں تجارتی وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلے ہونے چاہئیں۔ حکومت پنجاب نے ہر سطح پر میرٹ، شفافیت اور اعلیٰ معیار کا کلچر پروان چڑھایا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ قوم کے مستقبل کو چند کوڑیوں کے عوض گروی رکھنے کے ظالمانہ نظام کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا اور اسی لئے پنجاب حکومت نے ورکشاپوں، پٹرول پمپوں اور ہوٹلوں سے بھی چائلڈلیبر کے خاتمے کا پروگرام بنایا ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں ڈبلیو ایچ او کی جانب سے ہسپتالوں میں اصلاحات اور معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور ہسپتالوں میں سروس ڈلیوری سسٹم کو بہتر بنانے کے حوالے سے سفارشات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے پنجاب کے چار بڑے ہسپتالوں میں طبی سہولتوں کی مزید بہتری کے لئے تکنیکی معاونت کی فراہمی پر آمادگی کا اظہارکیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ مریضوں کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی ہمارا مشن ہے جس کیلئے ہر ضروری اقدام کر رہے ہیں تاکہ دکھی انسانیت کی صحیح معنوںمیں خدمت کی جاسکے۔ معیاری طبی سہولتوں تک رسائی مریضوں کا حق ہے اور پنجاب حکومت مریضوں کو یہ حق ہر قیمت پر دے گی اور اسی مقصد کیلئے ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے ہر اس کامیاب تجربے اور مہارت سے استفادہ کریں گے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے وزیراعظم نوازشریف مسلم لیگ (ن) کا بلامقابلہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ پارٹی رہنماوں سے گفتگو میں وزیراعلیٰ نے کہا مسلم لیگ(ن) نے جمہوری تقاضے پورے کرتے ہوئے انٹرا پارٹی الیکشن منعقد کرکے اعلی جمہوری روایات قائم رکھی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا عوامی خدمت کی سیاست کی بدولت مسلم لیگ (ن) ملک کی مضبوط ترین سیاسی جماعت بن چکی ہے۔ 2013ء کے انتخابات میں عوا م نے مسلم لیگ (ن)کو جو مینڈیٹ دیا اس کی بھرپور طریقے سے لاج رکھی ہے اور انشاء اللہ2018کے عام انتخابات میں بھی خدمت خلق کی سیاست کی جیت ہو گی اور دھرنا دینے والے ہاتھ ملتے رہ جائیں گے شکست خوردہ عناصر دھرنوں اور ناکہ بندی کی غلط سیاست کرکے ملک میںانتشار اور انارکی پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے وزیراعظم اور بزرگ سیاستدان میرظفراللہ خان جمالی سے ملاقات کی جس میں اہم ملکی اور سیاسی امورپر تبادلہ خیال ہوا۔ شہباز شریف نے کہاکہ اقتدار کی ہوس میں ترقی کے سفر میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کے درپے ہیں اور ملک میں انارکی پھیلانے کی سازشیں کی جا رہی ہیں جو کبھی کامیاب نہیں ہو سکتیں۔