نااہلی ریفرنسز: عمران‘ جہانگیر ترین کی دھرنے والے دن 2 نومبر کو طلبی‘ خود یا وکیل نہ آیا تو فیصلہ سنا دینگے: الیکشن کمشن

19 اکتوبر 2016

اسلام آباد (ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمشن نے سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے بھیجے گئے نااہلی ریفرنسز میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور جہانگیر ترین کو اسلام آباد میں دھرنے والے دن 2 نومبر کو طلب کر لیا جبکہ نااہلی کی ایک اور درخواست پر سربراہ تحریک انصاف کو نوٹس جاری کردیا گیا۔ سپیکر کی جانب سے بھیجے گئے نااہلی ریفرنسز سماعت کیلئے مقرر کر دیئے گئے۔ کمشن نے دونوں رہنمائوں کو 2 نومبر کو طلبی کا نوٹس جاری کر دیا۔ الیکشن کمشن کے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنمائوں پر الزام ہے کہ انہوں نے آف شور کمپنیاں چھپائیں اور ٹیکس چوری کی۔ معاملے کو مقررہ مدت میں نمٹانا چاہتے ہیں۔ لہٰذا عمران اور جہانگیر ترین دو نومبر دن دس بجے خود یا وکیل کے ذریعے پیش ہو کر جواب داخل کریں۔ غیر حاضری کی صورت میں الیکشن کمشن یکطرفہ طور پر اپنا فیصلہ سنائے گا۔ الیکشن کمشن نے لاہور اور اسلام آباد کے ضلعی الیکشن کمشنرز کو ہدایت کی کہ نوٹسز دونوں رہنمائوں کے گھر پہنچائے جائیں۔ عمران کے خلاف بھجوائے گئے ریفرنس کی سماعت5 رکنی کمشن کرے گا۔ جہانگیر ترین کے خلاف ریفرنس کی سماعت بھی دو نومبر کو ہی ہو گی، ان پر زرعی ٹیکس اور بنکوں سے غیر قانونی طور پر معاف کروائے گئے قرضوں کے بارے میں حقائق چھپانے کے الزامات ہیں۔ دریں اثنا الیکشن کمشن نے عمران کو بیرون ملک فنڈنگ سے متعلق ایک اور درخواست میں باضابطہ نوٹس جاری کرتے ہوئے اکبر ایس بابر کی درخواست کے ساتھ منسلک کرتے ہوئے سماعت یکم نومبر تک ملتوی کر دی۔ چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کی سربراہی میں فل بنچ نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی نااہلی سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔ ہاشم علی بھٹہ نے درخواست دائر کررکھی تھی۔ درخواست گزار کے وکیل نے دلائل میں کہا کہ عمران آرٹیکل باسٹھ اورتریسٹھ پر پورا نہیں اترتے۔ چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ عمران نے کون سے ممنوعہ ذرائع سے فنڈز وصول کئے ہیں۔ وکیل درخواست گزار نے کہا کہ عمران نے ممنوعہ ذرائع سے فنڈنگ نہ لینے سے متعلق غلط سرٹیفیکیٹ الیکشن کمشن میں پیش کئے۔ ممنوعہ ذرائع سے فنڈز میں بیرون ملک سے سیاسی جماعت کے لئے فنڈز لینا بھی شامل ہے۔ وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ عمران خان کی سیاسی جماعت نے ممنوعہ ذرائع سے بیرون ملک سے فنڈز لئے۔ الیکشن کمشن میں تحریک انصاف کی اپنی دستاویزات میں کہا گیا ہے امریکہ میں غیرملکیوں نے پارٹی کے لئے فنڈز اکٹھے کئے۔ پی ٹی آئی بیرون ملک سے ملنے والے فنڈز پر چلنے والی سیاسی جماعت ہے۔ عمران نے الیکشن کمشن سے جھوٹ بولا جس پر وہ رکن پارلیمنٹ رہنے کے اہل نہیں۔ پی ٹی آئی کو دوہزار ایک سے دوہزارتیرہ تک انتیس لاکھ بانوے ہزار ڈالرز بیرون ملک سے پارٹی فنڈز کی مد میں موصول ہوئے۔ الیکشن کمشن نے کیس پی ٹی آئی پارٹی فنڈ سے متعلق کیس سے منسلک کر دیا گیا جبکہ کی باقاعدہ سماعت یکم نومبر کو ہو گی۔ دریں اثناء تحریک انصاف کے رہنما اشد عمر نے کہا ہے کہ عمران خان دو نومبر کو الیکشن کمشن کی سماعت میں نہیں جائیں گے۔ ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران نے دو نومبر کو پاکستانیوں کو اسلام آباد بلایا ہے۔ وہ اس موقع پر پاکستانیوں کی مہمان نوازی میں مصروف ہوں گے۔