سوشل میڈیا پر پاکستانی وجیہہ لڑکے کی مقبولیت، دیسی چائے والا نے مودی چائے والا کو مات دیدی

19 اکتوبر 2016

اسلام آباد (نیٹ نیوز) اسلام آباد کا ایک چائے والا نوجوان ان دنوں ٹوئٹر پر ٹرینڈ کر رہا ہے اور لوگ اس کا موازنہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی جو خود کو چائے والا کہلانے پر فخر کرتے ہیں سے کر رہے ہیں۔ بہت سی لڑکیاں اس پر اپنی جان چھڑکتی نظر آتی ہیں اور اسے کرۂ ارض کا حسین ترین نوجوان قرار دے رہی ہیں۔ ٹویٹر ہینڈل سے ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا ’’قسمت نے اس چائے والے کو سٹار بنا دیا ہے۔ وہ بلاشبہ اس کرۂ ارض کے حسین ترین نوجوانوں میں سے ایک ہے‘‘۔ سوشل میڈیا پر اس چائے والے نوجوان کے نین نقش کی باتیں ہو رہی ہیں اور ان کا موازنہ بالی وڈ کے ستاروں سے کیا جا رہا ہے۔ نیلی آنکھوں والے اس چائے فروش کی تصویر پر لوگ طرح طرح کے تبصرے کر رہے ہیں۔ کیا خواتین کیا مرد سب کی اس کے حسن و جمال پر اپنی اپنی رائے ہے۔ کسی کو اس نوجوان کی طرح شوہر چاہئے، تو کوئی یہ کہہ رہا ہے کہ ’’پاکستان کا چائے والا بھی بالی وڈ کے ستاروں سے زیادہ پرکشش ہے‘‘۔ خیال رہے کہ اس سے قبل امریکہ میں ایک قیدی کی تصویر اسی طرح وائرل ہوئی تھی اور لوگوں نے اسے ’’ہاٹ کرمنل‘‘ کہا تھا لیکن پاکستان کے اس چائے والے کو لوگ دو ملکوں کے درمیان ایک ہتھیار کے طور پر بھی دیکھ رہے ہیں۔ سہیل چیمہ ایم ڈی نام کے ٹوئٹر ہینڈل سے ایک شخص نے لکھا: ’’بھارتی لڑکیوں پر پاکستانی چائے والے کے ذریعے سرجیکل سٹرائیک! ہمیں اپنے دوسرے اسلحے نکالنے کی ضرورت ہے؟‘‘ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق نوجوان ارشد خان کو پاکستان کا ایٹم بم قرار دیا جا رہا ہے جسے بھارتی لڑکیوں پر سرجیکل سٹرائیکس کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ارشد اسلام آباد کے اتوار بازار کے قریب ایک ہوٹل پر ملازمت کرتا ہے، خیبر پی کے سے روزی کمانے وفاقی دارالحکومت چند ماہ قبل آیا، اسکی تصویر ایک خاتون فوٹو گرافر نے لی اور سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دی جس سے یہ مقبولیت حاصل کر گئی۔ ارشد نے بتایا کہ اسے شہرت ملنا اچھا لگ رہا ہے مگر مسائل بھی پیدا ہو رہے ہیں۔ اسکے کام کا وقت ہوتا ہے، لوگ تصویر کھینچنے انٹرویو لینے آ جاتے ہیں، روزی نہیں کمائوں گا تو رات کو بھوکا سوئوں گا‘‘۔