کراچی: اہلسنت و الجماعت کے صدر رب نواز حنفی گرفتار، 133 مشتبہ افراد بھی زیرحراست
کراچی (کرائم رپورٹر+ نیوز ایجنسیاں) کراچی کے علاقے گلبہار خاموش کالونی میں پولیس اور حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کرکے اہلسنت والجماعت کراچی کے صدر رب نواز حنفی کو گرفتار کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گلبہار خاموش کالونی میں پولیس اور حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کی ۔ اس دوران اہلسنت والجماعت کراچی کے صدر رب نواز حنفی کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ ترجمان اہلسنت والجماعت نے رب نواز حنفی کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پوچھ گچھ کیلئے حراست میں لیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں امام بارگاہ پر حملے کے بعد رینجرز اور پولیس نے ٹارگٹد آپریشن کے دوران10ملزمان سمیت 133سے زائدمشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شریف آباد تھانے کی حدود لیاقت آباد 4 کی امام بارگاہ پر گزشتہ روز دہشت گردوں کے حملے کے بعد رینجرز اور پولیس کی کارروائیوں میں بھی اچانک تیزی آ گئی اور رات گئے ضلع وسطی کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کرتے ہو ئے 47مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر متعلقہ تھانوں میں منتقل کر دیا گیاہے۔ ضلع وسطی کے علاقوں کوثر نیازی کالونی، شادمان ٹائون اور خواجہ اجمیر نگری میں پولیس اور رینجرز نے مشترکہ سرچ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران کوثر نیازی کالونی سے 14، نصرت بھٹو کالونی سے 18 ، گلبہار کے علاقے فردوس کالونی سے 5 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے۔گرفتار افراد کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ ادھر منگھوپیر میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تحریک طالبان کے کمانڈر گل نواب سمیت5 ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ47 مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔ دوسری جانب نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرلیا۔ ٹارگٹ کلر رانا محمودالحسن نے نیو کراچی کے مختلف علاقوں میں 5 افراد کو قتل کیا تھا۔ علاوہ ازیں حساس اداروں نے حب میں لیاری گینگ وار عزیر بلوچ گروپ کے انتہائی مطلوب ملزم بلال عرف بھیا کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مارا تاہم ملزم فرار ہوگیا۔ بلال عرف بھیا حساس ادارے کے افسرسمیت 30 افراد کے قتل میں ملوث ہے ۔علاوہ ازیں گلبہار میں مسلح افرادنے سوزوکی ڈرائیور کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا اور فرار ہوگئے واقعہ منگل کی صبح جامعہ امامیہ امام بارگاہ کے نزدیک پیش آیا ۔ مقتول مظہر شاہ گجر نالہ ڈی بلاک میں رہتا تھا اور ایک بچے کا باپ تھا ادھر سعدی ٹائون میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔