مسلم لیگ (ن) کے انتخابات ڈھونگ، خوف وزیراعظم کے لہجے سے چھلک رہا ہے: تحریک انصاف

19 اکتوبر 2016

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نیوز ایجنسیاں) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کے انٹرا پارٹی انتخاب کے نام پر شرمناک ڈھونگ رچایا گیا، آج کے دن جمہوریت پر ایمان رکھنے والوں کا سر شرم سے جھک گیا، الیکشن کمیشن کی ایما پر ڈھونگ رچایا، آج ایک مرتبہ پھر ثابت ہوگیا کہ نوازشریف آمرانہ تربیت کے حصار سے نہیں نکل سکے۔ نواز شریف کبھی بھی غیر جانبدار ماحول میں انتخاب لڑنے کی جرات نہیں کر سکتے۔ نعیم الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے پارلیمنٹ، الیکشن کمشن سمیت پوری قوم سے جھوٹ بولا اور ایک مرتبہ پھر گمراہ کن گفتگو کی، 2 نومبر کے احتجاج کی اثرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں، احتساب کا خوف وزیراعظم کے لہجے سے چھلک رہا ہے، وزیراعظم روزاول سے چاہتے ہیں کہ تحریک انصاف خیبر پی کے تک محدود رہے اور پنجاب اور وفاق میں انکی لوٹ مار پر بات نہ کی جائے، ریاستی و حکومتی ادارے تباہ کرنے اور نظام کو غیر مؤثر کرنے کے باوجود نواز شریف کو قوم کی جانب سے بھرپور مزاحمت کا سامنا ہے۔ دریں اثناء پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیرصدارت میڈیا حکمت عملی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ اب پانامہ لیکس پر وزیراعظم نواز شریف کو مزید رعایت ہرگز نہیں دی جائے گی۔ مسلم لیگ ن کی جھوٹی پروپیگنڈا مہم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ عمران خان کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں اسلام آباد لاک ڈائون کے حوالے سے مختلف پہلوئوں پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ عمران خان کل 20 اکتوبر کو ملتان میں پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں سے ملاقاتیں کرینگے جبکہ 21 اکتوبر کو فیصل آباد جائیں گے اور پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کو 2 نومبر کو اسلام آباد بند کرنے کیلئے ہدایات دینگے۔