پاکستان سے عوامی رابطے بحال رہینگے‘ بھارتی حکومت: مبینہ سرجکیل سٹرائیکس کے ثبوت دینے سے پھر انکار

19 اکتوبر 2016

نئی دہلی (آئی این پی)بھارتی حکومت نے پارلیمنٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کولائن آف کنٹرول پر پاکستانی علاقے میں مبینہ سرجیکل سٹرائیکس کے ثبوت دکھانے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کی سرجیکل سٹرائیکس ماضی میں بھی کی جاتی رہی ہیں لیکن مرکزی حکومت کی جانب سے ان کی تشہیر نہیں کی گئی، پاکستان کے ساتھ بات چیت کا عمل جاری رہے گا، دونوں ملکوں کے عوام کاایک دوسرے سے رابطہ جاری رہنا چاہئے اس پر پابندی لگانے کا کوئی منصوبہ نہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مرکزی حکومت کی جانب سے سیکرٹری خارجہ ایس جے شنکر اور داخلہ و دفاع کی وزارتوں کے حکام نے اوڑی حملے اور کنٹرول لائن پر کشیدگی کے بعد پاکستان بھارت تعلقات کے حوالے سے پارلیمنٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کو بریفنگ دی۔ بھارتی سیکرٹری خارجہ ایس جے شنکر نے پارلیمانی پینل جس کی سربرائی ششی تھرور کررہے تھے کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کے ساتھ بات چیت کا عمل جاری رہے گا۔ بھارت کو دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پڑوسی ممالک کی حمایت حاصل ہے۔