روس نے بھی پاکستان کیخلاف بھارتی موقف مسترد کر کے مودی سرکار کی نیندیں اڑا دیں: انڈین میڈیا

19 اکتوبر 2016

گوا (آن لائن) پاکستان کوسفارتی سطح پر تنہا کرنے کے دعوے کرنے والا بھارت خود تنہائی کا شکار ہوگیا اور برکس اجلاس میں چین کے بعد روس نے بھی پاکستان کے خلاف بھارتی موقف کو مسترد کردیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق برکس اجلاس میں روس نے بھارت کا ساتھ چھوڑ دیا اور پاکستان کاساتھ دیا ہے۔ ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ میں حکومتی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا برکس اجلاس میں روس نے پاکستان کے خلاف بھارتی موقف مسترد کردیاجس پر مودی سرکار کافی پریشان ہے۔ بھارتی اخبارکا کہنا تھا کہ روس کی پاکستان کے حوالے سے خاموشی نے مودی سرکار کی نیندیں اڑا دیں اور چین کی بجائے روس نے بھارت کو سب سے زیادہ مایوس کیا ہے۔برکس اجلاس میں بھارت روس سے پاکستان کے خلاف بیان بازی کروانا چاہتا تھا لیکن مودی سرکار کے عزائم کامیاب نہ ہوسکے جب کہ برکس اجلاس کے اعلامیہ میں بھی روس نے بھارتی موقف کی تائید نہ کی۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق بھارتی ماہرین کے مطابق برکس کے اعلامیے میں جیش محمد اور لشکر طیبہ کا نام شامل نہ ہونا ناکامی ہے، روس نے بھی اس حوالے سے بھارت کی حمایت نہیں کی۔