کشمیریوں کو حق خودارادیت دیا جائے‘ اقوام متحدہ فیکٹ فائنڈنگ مشن مقبوضہ کشمیر بھیجے: او آئی سی پارلیمانی فورم
انقرہ (نوائے وقت رپورٹ) او آئی سی کے پارلیمانی فورم نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا اعادہ کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر بھارتی افواج کے ظلم پر مبنی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ او آئی سی رکن ممالک نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی۔ اعلامیہ کے مطابق او آئی سی نے مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ کا فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجنے پر زور دیا۔ کشمیریوں کو سلامتی کونسل کی قرارداد کے مطابق انتخاب کا حق دیا جائے۔ اعلامیہ کے مطابق فورم نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی تنازع ہے۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں کو پیلٹ گن سے نشانہ بنایا جارہا ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے پورے خطے کی سلامتی خطرے میں ڈال رہا ہے۔ عالمی برادری نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت نہیںکی۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کالے قوانین کے تحت معصوم کشمیریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ پاکستانی عوام ہر قیمت پر ملکی خودمختاری اور علاقائی حفاظت کیلئے تیار ہیں۔ پاکستانی وفد نے برطانوی ارکان پارلیمنٹ سے ملاقات کی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور بے گناہ شہریوں کے قتل کی تفصیلات کے آگاہ کیا۔ پاکستانی وفد نے مسئلہ کشمیر کے حل میں کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔