میاں بیوی معمولی جھگڑے پر بچوں کا مستقبل کیوں تباہ کررہے ہیں:جسٹس عبدالسمیع

19 اکتوبر 2016

لاہور (اپنے نامہ نگار سے)لاہور ہائیکورٹ کے روبرو بچوں کی تحویل کے لیے درخواست کی سماعت کے دوران ناراض میاں بیوی میں صلح ہوگئی اور میاں بیوی بچوں کی خاطر دوبارہ ایک ہوگئے۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عبدالسیمع خان نے طاہرہ بی بی کی درخواست پر سماعت کی تو درخواست گزار خاتون نے بتایا کہ اس کے شوہر نعیم نے معمولی جھگڑے کے بعد اسے گھر سے نکال دیا اور بچے بھی چھین لیے۔ شوہرنعیم نے بیوی کے موقف کی نفی کی اور بتایا اس نے بیوی کو نہیں نکالا بلکہ خود بچوں کو چھوڑ کر گئی۔ جسٹس عبدالسمیع خان نے ناراض میاں بیوی سے کہا کہ وہ معمولی جھگڑے پر بچوں کا مستبقل کیوں تباہ کر رہے ہیں۔عدالت نے ناراض میاں بیوی کو مصالحت کیلئے وقت دیا جس کے بعد دونوں میاں بیوی میں صلح ہوگئی اور عدالت نے درخواست نمٹا دی۔