سائنسدانوں نے زیادہ پیداواری صلاحیت والی دالیں تیار کرلیں: محکمہ زراعت

19 اکتوبر 2016

لاہور(نیوزرپورٹر)حکومت نے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے ویژن ’’خوشحالی کسان کی ترقی پاکستان کی ‘‘ کے تحت صوبہ میں دالوں کی کاشت کے فروغ کے لئے 148 ملین روپے کی لاگت سے 3سالہ منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل سے پنجاب میں دالوں بالخصوص چنا، مسوراور مونگ کے پیداواری اہداف کا حصول ممکن ہو گا اور دالوں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہو گا۔ محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے بتایا ہے کہ دالیں غذائیت کے حصول کا اہم ذریعہ ہیں کیونکہ دالوں میں پروٹین کی وافر مقدار موجود ہوتی ہے۔ چنا، مسور، مونگ اور ماش اہم دالیں ہیں جو ہمارے ہاں کاشت کی جاتی ہیں لیکن ان کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کی بہت گنجائش موجود ہے۔ ہمارے سائنس دانوں نے اب دالوں کی ایسی اقسام تیار کر لی ہیں جن کی پیداواری صلاحیت بہت زیادہ ہے۔ اگر جدید سفارشات پر عمل کیا جائے تو دالوں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ممکن ہے۔