وہاڑی: ضلعی ترقیاتی کمیٹی کا اجلاس، 89 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری
وہاڑی(نامہ نگار )ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن آفیسر وہاڑی علی اکبر بھٹی نے ضلعی ترقیاتی کمیٹی وہاڑی کے اجلاس میں29کروڑ8لاکھ85ہزار رپے مالیت کے 89منصوبوں کی منظوری دے دی جبکہ 18کروڑ59لاکھ روپے مالیت کے 13منصوبوں کو فنی وجوہات کی بنیاد پر مسترد کر دیا گیا ضلعی ترقیاتی کمیٹی کے اجلاس میں ای ڈی او فنانس محمد مظفر خان ، ای ڈی او ورکس خواجہ محمد صادق، ای ڈی او ایجوکیشن شوکت علی طاہر ، ڈی او بلڈنگز عمران اشرف مان ، ایکسین پبلک ہیلتھ شاہد بلال،ٹی ایم او وہاڑی میاں اظہر جاوید ، محمد حنیف ایس ڈی او پبلک ہیلتھ، اسسٹنٹ انجینئر پبلک ہیلتھ طارق حبیب نے شرکت کی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن آفیسر علی اکبر بھٹی نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کا بروقت اجراء اور تکمیل متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے لیکن اکثر منصوبے بلاوجہ کی تاخیر کا شکار ہو جاتے ہیں جس سے ان کی کل لاگت بڑھنے سے حکومت کا نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے اس لیے منصوبوں کو بلا تاخیر شروع اور مکمل کرایا جائے اجلاس کو بتایا گیا کہ منظور کردہ منصوبوں میں پختہ سڑکیں ، سولنگ ، سیوریج ، نالی ، جناز گاہ کی چار دیواری،تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن شامل ہے ۔