قائمہ کمیٹی نے نیلم جہلم، گولن گول ہائیڈرو منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت کر دی
اسلام آباد (آئی این پی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی و ترقی نے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ ‘ گولن گول ہائیڈرو پاور پروجیکٹ پر کام کی رفتار بڑھانے کی ہدایت کر دی۔ کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کی ٹرانسمشن لائن اور لواری ٹنل منصوبہ اگلے سال کے وسط تک مکمل ہو جائیگا۔ منگل کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی و ترقی کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین عبدالمجید خان خانان خیل کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ‘ چترال ہائیڈرو پاور سٹیشن اور گولن گول ہائیڈرو پاور منصوبے پر غور کیا گیا۔ واپڈا حکام نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پروجیکٹ کی ٹرانسمیشن لائن اور لواری ٹنل اگلے سال کے وسط تک مکمل ہو جائیں گے۔ کمیٹی نے گولن گول ہائیڈرو پاور منصوبے پر تاخیر پر نوٹس لیتے ہوئے جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔