کوئٹہ: مختلف واقعات میں پولیس اہلکار سمیت 5 افراد جاں بحق، ایک زخمی
کوئٹہ + حب (آئی این پی+ آن لائن) بلوچستان میں مختلف واقعات میں 5افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ جبکہ حب میں حساس اداروں کی کارروائی کے دوران مطلوب ملزم فرار ہو گیا۔ پولیس کے مطابق کوئٹہ کے علاقے بروری کی گلشن ٹائون میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار راشد خان جاں بحق ہوگیا ۔ اہلکار کی میت بولان میڈیکل کمپلیکس میں طبی معائنہ کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی ۔ کوئٹہ کی سرکی روڈ پر شازیہ نامی خاتون نے زہریلی دوا پی کر خودکشی کرلی جبکہ عدالت روڈ پر نشہ کا عادی ہلاک ہوگیا جس کی نعش شناخت کیلئے ہسپتال منتقل کردی گئی ۔ قلعہ سیف اللہ کے قریب قومی شاہراہ پر کار کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار محمد ولی جاں بحق جبکہ اس کا ساتھی نصیب اللہ زخمی ہوگیا ۔ پشین کے علاقے کلی ملک یار میں زمین کے تنازع پر ہونے والی فائرنگ سے محمد سلیم نامی ایک شخص جان بحق ہوگیا جس کی نعش سول ہسپتال کوئٹہ میں طبی معائنہ کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی۔ دریں اثنا حساس اداروں نے حب میں لیاری گینگ وار عزیر بلوچ گروپ کے انتہائی مطلوب ملزم بلال عرف بھیا کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مارا تاہم ملزم فرار ہوگیا۔ذرائع کے مطابق ملزم حب سے لیاری کی طرف فرار ہوا ہے جس کی گرفتاری کے لئے شہر میں آنے والی بسوں کی چیکنگ کی جارہی ہے۔ بلال عرف بھیا حساس ادارے کے افسرسمیت 30 افراد کے قتل میں ملوث ہے۔