راہداری سے خطہ میں ترقی، دشمن قوتوں کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں: فضل الرحمن

19 اکتوبر 2016

ڈیرہ اسما عیل خان (این این آئی) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے چین پاکستان اقتصادی راہداری سے اس خطہ کی ترقی سے دشمن قوتوں کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں مگر ہم سب نے متحد ہوکر دشمنوں کی سازشوں کا ناکام بنانا ہوگا، کیونکہ اس راہداری کی تکمیل سے جہاں پاکستان میں خوشحالی کا دور دورہ ہوگا وہیں جغرافیائی اہمیت کی بنیاد پر خیبر پی کے، جنوبی اضلاع اور ڈیرہ اسما عیل خان بھی مثالی ترقی کرے گا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے مغربی روٹ کے کنڈل یارک سیکشن کے معائنہ اور پنیالہ میں کیمپ آفس کے دورہ کے دوران کیا۔ نیشنل لاجسٹک سیل کے میجر فرحت عباس نے تعمیراتی کام کی رفتار، اسکے معیار کے حوالے سے بریفنگ دی۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تکمیل اور اس سے تمام صوبوں کو سہولیات کی فراہمی کے معاملہ پر ملک کی سیاسی اور عسکری قیادت متحد ہے کیونکہ اس عظیم منصوبے سے پاکستان کی ترقی وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا وزیراعظم کی جانب سے تمام سیاسی قیادت کو یہ یقین دہانی کرائی جا چکی ہے سب سے پہلے مغربی روٹ مکمل ہوگا اور اس روٹ پر تمام سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی جن میں آپٹیکل فائبر، ٹرانسمشن لائن اور اکنامک زون شامل ہیں۔ جنوبی اضلاع میں بھی تین انڈسٹریل زون بنانے کی یقین دہانی کرائی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا بعض عناصر اپنی ڈوبتی سیاست کو بچانے کے لیئے اس عظیم منصوبہ کے بارے میں غلط فہمیاں پیدا کررہے ہیں مگر ان کی سازشیں کامیاب نہیں ہونگی اور عوام ایسے عناصر کو پہلے ہی مسترد کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عسکری ادارے اس راہداری کے تحفظ اور دیگر امور میں جو کردار ادا کر رہے ہیں اس مشن میں پوری پاکستانی قوم اپنے اداروں کی پشت پر موجود ہے۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وزیراعظم آزاکشمیر نے چیئرمین کشمیر کمیٹی مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی۔ اس موقع پر مولانا فضل الرحمن نے کہا بھارتی مظالم کشمیریوں کو آزادی حاصل کرنے سے نہیں روک سکتے۔ مقبوضہ کشمیر میں حالیہ بھارتی ظلم و ستم کو سو سے زائد دن گزر گئے۔ کشمیری استقامت کے ساتھ اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ موجودہ حالات پاکستان کی سیاسی قوتوں میں یکجہتی کے متقاضی ہے۔ وزیراعظم آزادکشمیرراجہ فاروق حیدر نے کہا کشمیری عوام کی امیدوں کا مرکز پُرامن‘ جمہوری‘ مستحکم پاکستان ہے۔