مجھے یا خاندان کو کچھ ہوا تو ذمہ دار رانا ثنا ہونگے حکومتی ایم پی اے طاہر جمیل کا وزیراعلیٰ کو خط جواب دینا توہین سمجھتا ہوں: وزیر قانون

19 اکتوبر 2016

فیصل آباد/ لاہور (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی میاں طاہر جمیل نے پنجاب اسمبلی میں رانا ثناء اللہ خاں پر قاتلانہ حملوں کا الزام عائد کرنے کے بعد وزیراعلیٰ شہبازشریف کو بھی خط لکھ دیا، جس میں انہوں نے ایک مرتبہ پھر الزام عائد کیا کہ صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں نے مجھ پر متعدد مرتبہ حملہ کرایا لیکن میرے لئے سکیورٹی کا مناسب بندوبست نہیں کیا جا رہا۔ میاں طاہر جمیل نے خط میں مزید لکھا کہ میں باضابطہ آپ کے نوٹس میں لانا چاہتا ہوں کہ مجھے یا میرے خاندان کے کسی فرد کو کچھ ہوا تو اس کی براہ راست ذمہ داری صوبائی وزیر قانون پر ہو گی۔ آپ میرے قائد اور کپتان ہیں اس لئے آپ سے بات شیئر کرنا ضروری سمجھتا ہوں اور آپ سے مدد مانگنا بھی میرا حق ہے۔ مجھے قیادت پر مکمل بھروسہ ہے مجھے مایوس نہیں کریگی۔ دوسری جانب رانا ثناء اللہ نے طاہر جمیل کے خط پر ردعمل میں کہا ہے کہ بے حیثیت لوگ اہمیت بنانے کیلئے ڈرامے کرتے رہتے ہیں، میں ایسے کسی خط کا جواب دینا توہین سمجھتا ہوں، پارٹی قیادت میرے سیاسی کردار سے واقف ہے۔