کرم ایجنسی: دھماکہ‘ ایک شخص جاں بحق‘ گوجرانوالہ‘ پشاور میں اسلحہ کی کھیپ پکڑی گئی
کرم ایجنسی + گوجرانوالہ + پشاور (نامہ نگار + نمائندہ خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) کرم ایجنسی میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔ گوجرانوالہ اور پشاور میں اسلحہ کی بڑی کھیپ پکڑ لی گئی جبکہ کوئٹہ میں 2 خودکش جیکٹس‘ 70 کلو بارودی مواد اور بارود سے بھری 2 61موٹرسائیکل بھی برآمد کر لئے۔ تفصیلات کے مطابق سنٹرل کرم ایجنسی کے علاقہ علی شیرزئی میں بارودی سرنگ دھماکہ کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر جاں بحق جبکہ دوسرا ساتھی شدید زخمی ہو گیا۔ انتظامیہ کے مطابق سمندر گائوں کے رہائشی محمد جان اور محمد جلیل کسی کام کے سلسلے میں تونازون جا رہے تھے کہ پہلے سے بچائی گئی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئے جس کے نتیجے میں محمد جان موقع پر جاں بحق جبکہ اس کا ساتھی محمد جلیل شدید زخمی ہو گئے۔ ادھر گوجرانوالہ میں ماڈل ٹائون پولیس نے علاقہ غیر سے سمگل ہونے والے اسلحہ کی بھاری کھیپ پکڑ لی۔ اسلحہ سمگل کرنے والے دو بھائیوں سمیت تین ملزموں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا گیا۔ تھانہ ماڈل ٹائون پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ علاقہ غیر سے تین افراد نے اسحلہ کی بڑی کھیپ سمگل کرکے گوجرانوالہ لا رہے ہیں جس پر پولیس نے جنرل بس سٹینڈ کے قریب ناکہ بندی کرکے منی ٹرک سے جدید اسلحہ کی بھاری کھیپ پکڑ کر تین ملزمان کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق پکڑے جانے والے اسلحہ میں اکتالیس رائفلز‘ تیس پسٹلز اور ستائیس ہزار گولیاں شامل ہیں۔ ملزمان نجیب اللہ اور کلیم اللہ بھائی ہیں جبکہ ہارون ان کا ساتھی ہے۔ تینوں ملزمان کا تعلق کوہاٹ کے علاقہ درہ آدم خیل سے ہے۔ ادھر پشاور میں متنی کے قریب پولیس نے مشکوک گاڑی کو روک کر تلاشی لی اور گاڑی میں گھریلو سامان کے نیچے چھپایا گیا اسلحہ برآمد کر لیا۔ برآمد کئے جانے والے اسلحے میں 100 بندوقیں‘ چار پستولیں اور دو ہزار کارتوس شامل ہیں۔ پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کرکے گاڑی اور اسلحے کو تحویل میں لے لیا۔ علاوہ ازیں محکمہ انسداد دہشت گردی اور پولیس حکام نے پلوسئی میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے دو اہم دہشت گردوں کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کر لیا۔گرفتار دہشت گردوں کو مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ ادھر سکیورٹی فورسز نے کوئٹہ میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ سکیورٹی فورسز نے سریاب روڈ پر سرچ آپریشن کرکے 2 خودکش جیکٹس‘ 70 کلوگرام بارودی مواد‘ بارود سے بھری دو موٹرسائیکلیں برآمد کر لیں۔ دو ہتھکڑیاں‘ فلیکس مشین‘ 5 ٹیلیفون‘ جنریٹر اور 31 لاکھ روپے بھی برآمد ہوئے۔ بیورو رپورٹ کے مطابق پشاور میں بین الاقوامی شدت پسند تنظیم داعش کے ارکان نے شہریوں کو داعش میں شمولیت کی دعوت دینے اور تنظیم کے اغراض و مقاصد پر مبنی پمفلٹ تقسیم کرنے شروع کردیئے‘ تاہم محکمہ انسداد دہشت گردی نے اطلاع ملنے پر داعش کے 2 ارکان کو پمفلٹ تقسیم کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گوفتار کر لیا جبکہ ان کے 2 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔