بھکر: گھریلو ناچاقی پر شوہر نے لیڈی کانسٹیبل کو قتل کر کے خودکشی کر لی

19 اکتوبر 2016

قصور+ گوجرہ+ بھکر (نامہ نگاران+ نمائندہ نوائے وقت) گھریلو ناچاقی پر لیڈی کانسٹیبل بیوی کو قتل کر کے شوہر نے خودکشی کر لی جبکہ دیگر واقعات میں 2 افراد نے زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ تفصیل کے مطابق قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق چھانگا مانگا کے علاقہ گندھیاں اوتاڑ کے رہائشی اشفاق ہاشمی نے گھریلو حالات سے دلبرداشتہ ہو کر پسٹل سے خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ گوجرہ کے چک 430 ج ب کے عبدالرؤف نے گھریلو تنازعہ پر گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل لیں جسے مخدوش حالت کے پیش نظر الائیڈ ہسپتال فیصل آباد لے جایا جا رہا تھا کہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ پولیس لائن بھکر میں رہائش پذیر لیڈی کانسٹیبل مسرت پروین کی اپنے شوہر مبارک علی سے ناچاقی ہوگئی جس پر مبارک علی نے فائرنگ کرکے بیوی کو قتل کر دیا۔ بعدازاں اپنے سر میں گولی مار لی جسے تشویشناک حالت میں قریبی ہسپتال ڈی ایچ کیو لے جایا گیا لیکن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑ گیا تھانہ سٹی بھکر پولیس نے نعشیں قبضہ میں لینے کے بعد پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردیں ہیں۔