امریکہ ٹیکسٹائل مصنوعات کو منڈیوں تک رسائی، تاجروں کیلئے آسان ویزے جاری کرے : پاکستان

19 اکتوبر 2016

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ این این آئی) پاکستان نے امریکہ سے اپنی منڈیوں تک پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کو ترجیحی رسائی دینے، پاکستانی تاجروں کیلئے امریکہ کے آسان ویزے جاری کرنے اور ٹریول ایڈوائزری پر نظرثانی کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ پاکستان امریکہ ٹریڈ انویسٹمنٹ فورم ایگریمنٹ کونسل کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر کی قیادت میں پاکستانی وفد نے شرکت کی، امریکی وفد کی قیادت تجارتی نمائندہ مائیکل فورمین نے کی۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان نے کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی صورتحال میں کافی بہتری آئی ہے اور مستحکم پاکستان خطے میں خوشحالی کا باعث بن سکتا ہے۔