وزیراعظم سے ملاقات، حکومتی پالیسیوں سے معیشت بہتر ہورہی ہے: امریکی تجارتی نمائندہ

19 اکتوبر 2016

اسلام آباد (صباح نیوز + نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اقتصادی تعاون میں اضافے کیلئے امریکہ کے ساتھ شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔ وہ امریکہ کے تجارتی نمائندہ سفیر مائیکل فرومین سے گفتگو کر رہے تھے جنھوں نے ایک وفد کی قیادت کرتے ہوئے ان سے ملاقات کی، نوازشریف نے کہا کہ امریکہ پاکستان کا بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور دونوں ملکوں کو تجارت میں اضافے کیلئے نئے مواقع تلاش کرنے چاہئیں۔ مائیکل فرومین نے کہا کہ پاکستان میں امن وامان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے جس سے غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے دوستانہ ماحول فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی پائیدار پالیسیوں سے معیشت بہتر ہورہی ہے۔ وزیراعظم نے سنٹرل ایشیا ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ فریم ورک ایگریمنٹ میں پاکستان کو مبصر کا درجہ دینے پر اظہار تشکر کیا۔ امریکی نمائندہ فرومین نے کہا کہ پاکستان نے تین سال میں کئی محاذوں پر شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ امن و امان کی بہتری تجارت اور سرمایہ کاری کیلئے فائدہ مند ہے۔ آئی ایم ایف پروگرام مکمل ہونا موثر پالیسیوں کا ثبوت ہے۔