حسنین رضا کی رہائی کیلئے پتوکی میں صحافتی، وکلا، مذہبی سیاسی تنظیموں کی ریلی
لاہور (نامہ نگار) نمائندہ نوائے وقت اوکاڑہ کو جیل کی کوٹھری اور پولیس حراست میں 176 روز مکمل ہوگئے۔ برائے نا م خوراک دینے سے وزن میں مسلسل کمی واقع ہورہی ہے حسنین کی والدہ نے استدعا کی ہے عدالت عظمیٰ میرے بیٹے کے حوالہ سے از خود نوٹس لیکر حقائق کی بنیادپر فیصلہ کرے۔ میرے بیٹے کو بغیر کسی جرم کے پولیس انتقام کا نشانہ بناتے ہوئے قید و بند کی اذیتوں سے گزار رہی ہے۔ میرا بیٹا حافظ قرآن ہے‘ اسکی زندگی میں دہشت گردی نام کی کوئی چیز نہیں، میرا بیٹا تو علمائے کرام کے قدموں میں بیٹھنے میں فخر کرتا رہا ہے ۔ضلع اوکاڑہ کی پولیس اسے دہشت گرد ثابت کرنے کیلئے مختلف حربے استعمال کر رہی ہے، زمینی حقائق اس امر کی گواہی دیتے ہیں کہ میرے بیٹے نے ہمیشہ دہشت گردوں کے عزائم کو ناکام بنانے کی کوشش کی ہے ۔ علاوہ ازیں حافظ حسنین رضا کی گرفتاری کے خلاف مختلف شہروں سے احتجاج اور مذمت کا سلسلہ جاری ہے۔پتوکی سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق حافظ حسنین رضا پر درج بے بنیاد مقدمات اور گرفتاری کیخلاف صحافی ، وکلاء سماجی و سیاسی و مذہبی تنظیموں نے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ مظاہرین نے کہا کہ حافظ حسنین رضا کو مظلوموں کا ساتھ دینے، انکے حقوق کیلئے قلم کے ذریعے جدوجہد پر انتظامیہ نے دہشت گرد بنا دیا۔ صحافیوں پر مقدمات کا سلسلہ بند نہ ہوا تو ملک بھر میں صحافی پولیس گردی کے خلاف بھرپور احتجاج کریں گے۔ مظاہرے سے میاں دلبر حسین شاکر صدر وکلاء بار ، عظیم انور چوہدری، جنرل سیکرٹری بار، ظفر اقبال جنجوعہ نائب صدر، رستم ظہر صدر لائر زونگ مسلم لیگ (ن)، سید طارق رضا سنیئر نائب صدر بار پتوکی ، امجد علی میئو سابقہ ایم پی اے، پیر مختار احمد سابق ایم پی اے، رانا ممتاز علی خاں صدر مرکزی انجمن تاجران، رائے افضل کھرل ایڈووکیٹ صدر کسان بورڈ ضلع قصور ، مہر عبدالحق جنرل سیکرٹری آل پاکستان بھٹہ ایسوسی ایشن پاکستان، رانا محمد ارشاد چیئرمین ڈیری ملک ایسوسی ایشن پنجاب، حاجی رانا طارق، حنظلہ مبشر شیخ رہنما تحریک انصاف، محمد جاوید سہوترا صدر پریس کلب پتوکی ، محمد عمران حسین صدر یونین آف جرنسلٹس، شیخ افتخار حسین چیئرمین یونین آف جرنلسٹس، خالد لطیف گھمن چیئرمین انجمن شہریاں، قاری نور محمد شاکر جمعیت اسلام (ف) حافظ حسن محمود کمیرپوری جمعیت اہلحدیث، عبدالرزاق علوی جمعیت علمائے شعیہ ، چوہدری محمد بشیر میئو جمعیت علمائے پاکستان (نورانی ) حافظ محمود گھمن جمعیت علمائے مشائح، ندیم مصطفائی تحریک عوام تحریک ، ملک رحمت علی ، مزدور اتحاد رہنما شامل تھے۔گجرات سے نامہ نگار کے مطابق مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی چوہدری جعفر اقبال، چیئرمین مارکیٹ کمیٹی و مرکزی رہنما مسلم لیگ ن حاجی اورنگ زیب بٹ، رکن صوبائی اسمبلی مسلم لیگ ن حاجی عمران ظفر، صدر چیمبر شیخ ابرار سعید سمیت سول سوسائٹی، مذہبی رہنمائوں، صحافیوں سمیت تاجر برادری نے نمائندہ نوائے وقت اوکاڑہ حافظ حسنین رضا کے خلاف درج بے بنیاد مقدمات کی مذمت کرتے ہوئے کہا معاشرے میں پائی جانے والی برائیوں کی نشاندہی کرتے ہیں۔ آئی جی پنجاب حسنین کی رہائی کے لئے مثبت کردار اد اکریں۔ پاکپتن سے نامہ نگار کے مطابق مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی سردار منصب ڈوگر نے حافظ حسنین رضا کو ابھی تک رہا نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی پنجاب سے غیرجانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ مانگٹانوالہ سے نامہ نگارکے مطابق پریس کلب موڑکھنڈا کا اجلاس زیر صدارت چودھری غلام رسول ایڈووکیٹ ہوا۔ مہر طاہر محمود پڈھیار، جاوید اقبال قادری محمد اشرف زمان،چودھری مراتب علی سندھو، غلام عباس حیدری ایڈووکیٹ ، امانت علی، چودھری طیب سندھو،سید جرار حسین شاہ اور دیگر ممبران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں متفقہ طور پرآئی جی پنجاب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ حافظ حسنین رضا کی بلا جواز گرفتاری دراصل آزادی صحافت کا گلا گھونٹنے کے مترادف ہے۔ سابق صدر ڈسٹرکٹ بار ننکانہ علی ناصر قادری ایڈووکیٹ ، پی ٹی آئی کے رہنما اور چیئرمین یوسی ہفت مدررانا محمد افنان خان، چیئرمین یوسی جلال نو ملک محمد نوازچدھڑ،سابق ناظم یوسی ناتھامہر محمد آصف گل۔ ینگ لائیرز فورم کے عدنان احمد قادری ایڈووکیٹ ، غلام عباس حیدری ایڈووکیٹ نے مشترکہ بیان میں حسنین رضا کی گرفتاری کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے پر زور مذمت کی ہے۔