ق لیگ کی رات کو گیس بندش کے احکامات واپس لینے، 18 سال سے کم عمر بچوں کو شناختی کارڈ دیکھے بغیر سگریٹ فروخت نہ کرنے کے مطالبے پر مبنی پنجاب اسمبلی میں قراردادیں
لاہور ( خصوصی نامہ نگار) ق لیگ نے رات 10 سے صبح 5 بجے تک گیس کی بندش کے احکامات واپس لینے اور سگریٹ و پان فروشوں کو 18سال سے کم عمر بچوں کو شناختی کارڈ دیکھے بغیر سگریٹ فروخت نہ کرنے کا پابند بنانے کے مطالبے پر مبنی قراردادیں پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دیں۔ ق لیگ کے عامر سلطان چیمہ کی طرف سے جمع کروائی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ رات 10سے صبح 5بجے تک گیس کی بندش کے احکامات کو فی الفور واپس لیا جائے۔ کیونکہ بجلی کی بندش سے عوام پہلے ہی پریشانی میں مبتلا ہے۔ دوسری قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ صوبہ بھر میں تمام سگریٹ و پان فروشوں کو پابند کیا جائے کہ 18سال سے کم عمر بچوں کو شناختی کارڈ دیکھے بغیر سگریٹ فروخت نہ کریں کیونکہ 18سال سے کم عمر سگریٹ فروخت کی پابندی کے باوجود فروخت کیا جا رہاہے۔