لشکرکشی سے اسلام آباد پر قبضے کی روایت کے نتائج خوفناک نکلیں گے: ساجد میر

19 اکتوبر 2016

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ اسلام آباد بند کرنا عدلیہ پر عدم اعتماد کا اظہار ہے، پانامہ کے معاملے پر عدالت کے فیصلے کا انتظار کرنا ہو گا، طالع آزما ئوں کا انتظار کرنے والے مایوس ہونگے، ملک کسی سیاسی انارکی کا متحمل نہیں ہو سکتا، سیاسی شعبدہ بازوں کو ملکی سلامتی کی کوئی فکر نہیں، اقتدار کی ہوس نے انہیں اندھا کردیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ اور اپوزیشن کی جماعتیں ایک طرف اور صرف ایک پارٹی دھونس کے ذریعے نظام الٹنے کی باتیں کررہی ہے۔ لشکرکشی کے ذریعے اسلام آباد پر قبضے کی روایت کے نتائج خوفناک نکلیں گے۔ جمہوری معاشروں میں ہمیشہ قانون اپنے راستے بناتا ہے۔ یہاں قانون کا مقابلہ کرنے کی باتیں کی جارہی ہیں۔ عدلیہ پانامہ کیس کو دیکھ رہی ہے تو پھر بے چینی کس بات کی ہے۔