کنور نوید‘ شاہد پاشا‘ قمر منصور سے جیل میں تفتیش کی اجازت
کراچی(وقائع نگار)انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 22 اگست کو ہنگامہ آرائی کے الزام میں گرفتار ایم کیوایم کے رہنما کنور نوید جمیل،شاہد پاشا اور قمر منصور سے سینٹرل جیل میں تفتیش کرنے کی اجازت دے دی ہے ۔منگل کوکراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں 22اگست کو ہنگامہ آرائی اور میڈیا ہاﺅسز پر حملہ کیس کی سماعت ہوئی ۔سماعت کے دوران انسپکٹر نعیم اعوان کی جانب سے کنور نوید جمیل،شاہد پاشا اور قمر منصور سے جیل میں تحقیقات سے متعلق درخواست دائر کی گئی ۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ تینوں ملزمان سے جیل میں تحقیقات کی اجازت دی جائے ،جس پر عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ کیا تینوں ملزمان22 اگست کو جائے وقوعہ پر موجود تھے ۔ملزمان کے وکیل کے مطابق تینوں ملزمان جائے وقوعہ پر موجود نہیں تھے ۔ عدالت نے تفتیشی افسر کی جانب سے جیل میں تحقیقات کی اجازت دے دی ۔ ملزمان کے خلاف تھانہ آرٹلری میدان تھانے میں دو مقدمات درج ہیں۔
جیل تفتیش اجازت