پاک فوج کے زیراہتمام انٹرنیشنل پیسز مقابلوں کی افتتاحی تقریب
لاہور (نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) پاک فوج کے زیراہتمام انٹرنیشنل پیسز مقابلوں کا آغاز ہوگیا ۔ ایوب سٹیڈیم میںافتتاحی تقریب ہوئی، کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے افتتاح کیا، افتتاحی تقریب میں جوانوں نے پندرہ ممالک سے آنے والوں کا شانداراستقبال کیا، رنگا رنگ تقریب میں تمام ممالک کے فوجی دستوں نے مارچ پاسٹ کیا، جس کے بعد رینجرز کے جوانوں نے ریڈ پریڈ کر کے خوب داد وصول کی۔تقریب کے آغاز میں سبز وسفید غبارے اور کبوتر ہوا میں رنگ بکھیرے گئے جبکہ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، بلوچستان، پنجاب، سندھ اور خیرپی کے کا روایتی رقص پیش کیا گیا، جس کے بعد آرمی پبلک سکول کے بچوں نے ملی نغمہ پیش کیا۔چھ روزہ ایونٹ میں سولہ ممالک کی آرمی ٹیمیں شرکت کررہی ہے، چیمپئن شپ میں پاکستانی دستے سمیت تین سو ستر کے قریب کھلاڑی فٹنس ، سٹیمنا اور مہارت کے مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔ترجمان پاک فوج کے مطابق عالمی ٹیموں کے مابین ہونے والے اپنی نوعیت کے پہلے مقابلوں میں چین، ترکی، سعودی عرب، ملائیشیا، بحرین، اردن، مالدیپ، نیپال، سری لنکا، برطانیہ، بنگلہ دیش، انڈونیشیا، آسٹریلیا اور قازقستان کے دستے شامل ہیں جبکہ پاکستان میز بان ہے۔ان ایونٹس میں پش اپس، سٹ اپس، چن اپس اور کومبیٹ افیسینسی ٹیسٹ شامل ہیں۔ آخری روز 23 اکتوبر کو منی میراتھن کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جس میں ہرعمر کے خواتین اور مرد اتھلیٹس شامل ہونگے۔