پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش غیرقانونی ہے: غفور بٹ

19 اکتوبر 2016

لاہور ( کلچرل رپورٹر ) معروف فلمسازواداکارغفوربٹ نے کہا ہے کہ پاکستان میں بالی وڈسٹارزکی فلموںکی نمائش غیرقانونی ہے ، قانون کے مطابق بھارتی فنکاراوران کی سرزمین پرعکسبند کی جانے والی فلم ہمارے ملک میں ریلیزنہیں ہوسکتی۔ مشرف، زرداری اور موجودہ حکومت بتائے کہ کس قانون کے تحت بھارتی فلمیں پاکستان میں لگ رہی ہیں ؟ پاکستانی پیسہ بھارت جا رہا ہے ، جس کے عوض اسلحہ خرید کر کشمیریوں پرظلم ہورہا ہے۔ پاکستانی فنکاروںکی فلمیں بھارت میں نہیں لگ سکتیں توان کی فلمیں یہاں کیسے لگ رہی ہیں ؟ بھارتی فلموں پرمکمل پابندی لگائی جائے اور سینمامالکانپاکستانی فلم کو ہفتے میں 22شو دیں، اگرایسا ہوگیا توسالانہ 100فلمیں بنیں گی۔ سینما مالکان مفادات کی خاطروزیراعظم سے مل کران کی مشکلات میں اضافہ کرنا چاہتے ہیں۔ میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ 1966ء میں پہلی فلم بنائی اور فلم انڈسٹری میں سب سے سینئر ہوں۔ بطور پروڈیوسرہی نہیں بطور ہیرو بھی بہت کام کیا۔ مشرف دورمیں مجھے صدارتی ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن میں نے صرف اس لئے انکارکردیا تھا کہ انہوں نے ایک جمہوری حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار سنبھالا تھا۔ پاکستانی فلم کی سپورٹ کیلئے بھاری مالی نقصان کے باوجود ایک اورفلم بطورپروڈیوسروڈائریکٹربنانے کے ساتھ ایک جدید طرز کا سینما بھی بنانے جا رہا ہوں۔ میں چاہتا ہوں کہ پاکستان فلم انڈسٹری کی رونقیں بحال ہوں۔