سیکورٹی انتظامات کی بہتری کیلئے تمام سکولوں کا ڈیٹا 15 پولیس سنٹر کو فراہم کرنے کا فیصلہ
ملتان (نمائندہ نوائے وقت) آرپی او ملتان کے حکم پر ہائی و ہائر سیکنڈری سکولوں کے سکیورٹی انتظامات میں بہتری کے لئے تمام سکولو ں کا ڈیٹا 15 پولیس سنٹر کو فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق پہلے 15پر کال کرنے کی صورت میں مطلوبہ مقام کی تفصیل معلوم کی جاتی تھی اور پھر وہاں پہنچنے میں ٹائم لگ جاتا تھا مگراب تمام ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولوں کا ڈیٹا نقشے سمیت 15پولیس سنٹر کو فراہم کیا جائے گا۔ 15سنٹر پر کسی نا خوشگوار واقعہ کی صورت میں کال کرنے پر مذکورہ سکول کا ایڈریس اور نقشہ فوری سامنے آجائے گا اور اس طرح پولیس کو مذکورہ سکول ڈھونڈنے میں وقت نہیں لگے گا بلکہ پولیس چند منٹوں میں ہی مذکورہ سکول پہنچ جائے گی اور کوئیک رسپانس دیتے ہوئے ایکشن کرے گی ۔