عوام جمہوریت کیخلاف اسلام آباد مارچ مسترد کر دیں گے: بیگم خولہ امجد
ملتان (لیڈی رپورٹر) ممبر صوبائی اسمبلی مسلم لیگ ن بیگم خولہ امجد نے کہا ہے کہ جمہوریت کے خلاف رائیونڈ مارچ کے بعد اسلام آباد مارچ بھی عوام مسترد کر دیںگے کیونکہ موجودہ حکومت حقیقی معنوں میں عوام کے مسائل کے حل کے لئے عملی طور پر اقدامات کر رہی ہے پارٹی کے دیگر رہنماﺅں ملک انورعلی‘ شازیہ ہاشمی نے کہا کہ پی ٹی آئی میں دراڑ پڑ چکی ہے۔ پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اپنے ہی قائدین کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے مستعفی ہو چکے ہیں بہت جلد اور بھی مستعفی ہوں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن خواتین ونگ کے کارکنوں کے منعقدہ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی خواتین ونگ کی رہنما مصباح چودھری نے پارٹی قائدین اور پالیسیوں پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے بڑی تعداد میں خواتین کارکنوں کے ہمراہ مسلم لیگ ن میں شمولیت کا بھی اعلان کیا اور دیگر رہنماﺅں شیخ نصیر‘ محمدعلی شاہ‘ عمیرنصیر‘ محمدزعیم‘ مصباح چودھری‘ شبانہ جاوید‘ نجمہ‘ خالدہ الطاف‘ رقیہ‘ شبنم عظیم‘ نجمہ عزیز‘ حفصہ بی بی نے بھی خطاب کیا۔
بیگم خولہ امجد