الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن کا شیڈول جاری کردیا, پولنگ30 نومبر کو ہوگی
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن کے لئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال یکم نومبر سے چار نومبر تک ہوگی۔ پانچ سے چھ نومبر تک اعتراضات دائر ہونگے جبکہ سات سے نو نومبر تک اعتراضات پر فیصلے ہونگے۔ اسی طرح دس نومبر کو امیدوار اپنے کاغذات واپس لے سکیں گے جبکہ گیارہ نومبر کو امیدواروں کی حتمی فہرست آویزاں کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق گیارہ نومبر کو ہی امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے جبکہ بلدیاتی الیکشن کے لئے تیس نومبر کو پولنگ ہوگی۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کا ضابطہ اخلاق بھی جاری کردیا ہے۔ جس کے تحت وفاقی دارالحکومت میں ترقیوں اور تبادلوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ صدر اور وزیراعظم سمیت اہم سیاسی شخصیات کے انتخابی حلقوں میں دوروں اور ترقیاتی کاموں پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔