بھارت سے سیریز کی التجا کرنے نہیں معاہدہ پر جواب لینے جا رہا ہوں : مشہریار خان
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان اور پی سی بی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن و چیئرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی اتوار کو بھارت روانہ ہو گئے۔ پی سی بی کے چیئرمین شہر یار خان بی سی سی آئی کے صدر ششناک منوہر کی دعوت پر بھارت گئے ہیں جہاں وہ پاکستان بھارت کرکٹ سیریز کے بارے میں بات چیت کریں گے۔ واضح رہے کہ آئی سی سی کے اجلاس کے موقع پر صدرسری نواسن کے مشورے پر چیئرمین پی سی بی نے دوبئی سے بی سی سی آئی کے نئے صدر ششانک منوہر سے فون پر بات کی تھی تو ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کے ساتھ پاک بھارت کرکٹ سیریز سمیت تمام معاملات کو حل کرنا چاہتے ہیں اور بی سی سی آئی کی کمیٹی کے ا جلاس میں پاکستان بھارت سیریز کے انعقاد کا مسئلہ زیر بحث آئے گا اور اس کے بعد وہ اپنی حکومت سے منظوری کے بعد پی سی بی کو اس سلسلہ میں آگاہ کرینگے۔ بی سی سی آئی کے صدر نے پاکستان بھارت سیریز پر بات چیت کرنے کےلئے چیئرمین پی سی بی کو بھارت کے دورہ کی دعوت دی تھی جس پر پی سی بی کے چیئرمین بھارت روانہ ہوئے۔ پی سی بی کے چیئرمین شہر یار خان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان بھارت سیریز کے انعقاد کےلئے کوئی التجا کرنے نہیں بلکہ سیریز کے انعقاد کےلئے بھارت کی طرف سے دستخط کیے گئے ایم او یو پر جواب لینے جارہے ہیں۔ پاکستان بھارت سیریز کے انعقاد کے بارے میں بھارتی بورڈ پہلے تو بالکل جواب نہیں دے رہا تھا لیکن اب امید ہے کہ آئندہ چند دن تک بھارتی بورڈ کا جواب مل جائےگا چاہے وہ ہاں میں ہو یا نہ میں۔ ایم او یو پر بھارت کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا۔ بھارتی بورڈ نے متبادل تجویز دی تو پی سی بی گورننگ بورڈ میں معاملہ لاﺅں گا۔