مقبوضہ کشمیر: ہندو غنڈوں کے پٹرول بم حملے میں جھلسنے والا نوجوان جاں بحق، کشمیری تنظیموں کے مظاہرے
سری نگر + نئی دہلی (نیوز ڈیسک + ایجنسیاں) مقبوضہ کشمیر کے علاقے اودھم پور میں 9 اکتوبر کی رات کو آر ایس ایس بی جے پی کے غنڈوں کے پٹرول بم حملے میں بری طرح جھلسنے والا کشمیری نوجوان ٹرک ڈرائیور زاہد احمد بھٹ گزشتہ روز نئی دہلی کے صفدر جنگ ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ زاہد بھٹ جو سڑک کنارے کھڑے اپنے ٹرک میں سو رہا تھا، پر ہندو انتہاپسندوں نے گائے کے ذبحہ کے خلاف احتجاج کے دوران بلااشتعال پٹرول بم پھینک دیا تھا جس سے اس کا ٹرک بھی جل کر خاکستر ہو گیا۔ زاہد بھٹ کا تعلق مقبوضہ کشمیر کے کٹھ پتلی وزیراعلیٰ مفتی محمد سعید کے حلقہ انتخاب میں واقع اننت ناگ اسلام آباد کے گائوں بتنیگو سے تھا۔ اس کی المناک شہادت کے خلاف حریت کانفرنس اور دیگر کشمیری تنظیموں نے وادی بھر میں آج مکمل شٹر ڈائون ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ حریت چیئرمین سید علی گیلانی نے زاہد بھٹ کے وحشیانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کو بھارتی فوج کی ایما پر اس کے ایجنٹوں کے ذریعے قتل کرایا جا رہا ہے۔ شہید محمد زاہد کا خون کا رائیگاں نہیں جائیگا۔ حریت رہنما میر واعظ محمد عمر فاروق نے زاہد بھٹ کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مفتی سعید حکومت اس قتل ناحق کی ذمہ دار ہے جس نے انتہاپسندوں کو اتنی چھوٹ دے رکھی ہے۔ حریت رہنما سید شبیر احمد شاہ نے بھی زاہد بھٹ کے قتل کی شدید مذمت کی جبکہ وزیراعلیٰ مفتی سعید نے واقعہ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ جو کوئی بھی اس سانحہ میں ملوث ہے‘ اسے کٹہرے میں ضرور لایا جائیگا۔ زاہد بھٹ کے بہیمانہ قتل کیخلاف اننت ناگ او اردگرد کے علاقے گزشتہ روز سوگ میں بند ہو گئے جبکہ مختلف کشمیری تنظیموں نے مظاہرے کئے‘ ریلیاں نکالیں جن میں کٹھ پتلی حکومت‘ آر ایس ایس اور بی جے پی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ دریں اثنا اودھم پور پولیس نے زاہد بھٹ کو پٹرول بم سے حملہ کرکے جھلسانے والے بی جے پی آر ایس ایس کے 9 غنڈوں کو حراست میں لے لیا جن کے نام سندور سنگھ‘ دنیش عرف پما‘ ہربش سنگھ‘ بال بہادر سنگھ عرف ابو اور وریندر سنگھ عرف کاکا‘ جسبیر سنگھ‘ راہول شرما‘ سنیر سنگھ اور رامیشور سنگھ بتائے گئے ہیں۔